پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، ٹرانسپورٹرز نے تاحال کرایوں میں کمی نہ کی
05-16-2024
(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک نہ پہنچ سکے، محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور ٹرانسپورٹرز کی طرف سے تاحال کرایوں میں کمی نہ کی جا سکی۔
انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ کے پرانے کرائے تاحال برقرار ہیں جبکہ انٹرسٹی ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں 5 سے 10 فیصد تک کمی کا امکان ہے۔ فیصل آباد کا کرایہ 850 سے 750 روپے کرنے کی تجویز دی گئی، راولپنڈی کا کرایہ 1350 روپے سے 1250 روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، کرایوں میں کمی کا حتمی فیصلہ ٹرانسپورٹرز اجلاس میں کیا جائے گا۔ دوسری جانب ریلوے انتظامیہ بھی آمدنی بڑھانے میں مصروف ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر کرائے بڑھائے مگر کمی پر کرایہ کم نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق 16 فروری کو ڈیزل نرخوں میں 10 روپے فی لٹر اضافہ ہوتے ہی 17 فروری کو میل ایکسپریس و انٹرسٹی کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کر دیا، ریلوے سسٹم پر ٹرین آپریشن کیلئے روزانہ 3 لاکھ 80 ہزار لٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے، ڈیزل نرخوں میں 7 روپے 88 پیسے فی لٹر کمی سے ریلوے کو روزانہ 30 لاکھ روپے کا بڑا ریلیف ملا۔ ڈیزل کی قیمتوں میں دوسری بار کمی پر بھی محکمہ ریلوے نے کرایہ کم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔