حکومت مدت پوری کر گئی تو پاکستان تبدیل نظر آئے گا: وزیراعلیٰ مریم نواز

05-16-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت پانچ سال پورے کر گئی تو پاکستان اور پنجاب تبدیل نظر آئے گا۔

پھول نگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب بھی نوازشریف کی حکومت آتی ہے سازش کے ذریعے ختم کردی جاتی ہے، اب نوازشریف کی چوتھی حکومت میں ترقی کا سفر شرو ع ہوا ہے،اس کو رکنے نہیں دینا، شہبازشریف اور مریم، نوازشریف کے سپاہی ہیں، حکومت نوازشریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں 300رورل ہیلتھ سینٹرز ہیں، مجھے ابھی آئے 2 ماہ ہوئے ہیں، 2 ماہ میں تو لوگ وعدے کررہے ہوتے ہیں کہ یہ کردیں گے وہ کردیں گے، مریم نواز نے 2 ماہ میں پھولنگر میں نیا ہسپتال بنادیا ہے، ہم نے کنٹینرز کے اوپر پورا ہسپتال کھڑا کردیا ہے، آپ کے گاؤں میں ہسپتال چل کر آئےگا اور علاج کرے گا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارے 200 کلینکس آن وہیلز آپ کی دہلیز تک پہنچ کر علاج کریں گے، کلینکس آن وہیلز کی سہولت سے 30ہزار لوگوں کا علاج ہوچکا ہے، غریب کے بچے کو وہی تعلیم اور علاج دینا ہے جو امیر کے بچے کے پاس ہے، آئندہ پانچ سال میں پنجاب کا کوئی ایسا ہسپتال نہیں ہوگا جہاں مفت علاج کی سہولت نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ روٹی 25روپے سے 15روپے پر آگئی ہے، ہم نے پنجاب میں 590 سڑکیں بنانے کے پروگرام پر عمل درآمد شروع کردیا ہے، پنجاب کی کوئی سڑک 5سال بعد ٹوٹی ہوئی نظر نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی ہدایت ہے غریبوں کی فلاح کیلئے کام کریں، اپنے ایم پی ایز کو کہتی ہوں پولیس والوں کی سفارشیں کرنا چھوڑ دیں، جب سیاسی بنیادوں پر پوسٹنگز ہوں گی تو پولیس پرفارمنس نہیں دے سکتی، مجھے پنجاب کے 13کروڑ عوام کا مفاد زیادہ عزیز ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ میں آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں کم کروں گی، پیاز کے بغیر کھانا نہیں پکتا، جب میری حکومت آئی تو پیاز 300روپے کلو سے اوپر تھا آج 100روپے کلو ہے۔