ٹی20 ورلڈکپ: پاک بھارت ٹاکرے کی میزبانی کرنے والا سٹیڈیم تیار

05-16-2024

(ویب ڈیسک) 9 جون کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے میچ کی میزبانی کرنے والے نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کا افتتاح کردیا گیا۔

آئی سی سی نے گزشتہ روز نیویارک کے نساؤ کرکٹ سٹیڈیم کا افتتاح کیا، اس موقع پر ایتھلیٹ یوسین بولٹ اور لیجنڈ کرکٹرز سٹیڈیم کی پہلی جھلک دیکھنے گراؤنڈ پہنچے۔ سٹیڈیم آنے والے نامور ایتھلیٹس و کرکٹرز میں پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک، انگلینڈ کے لیام پلنکٹ، ویسٹ انڈیز کے سر کرٹلی ایمبروز، یو ایس اے ٹیم کے کورے اینڈرسن اور موناک پٹیل بھی شامل تھے۔ سپورٹس سٹارز کا دستخط شدہ بیٹ ٹورنامنٹ کے دوران گراؤنڈ پر نمائش کیلئے رکھا جائے گا۔ سٹارز نے میدان میں رکھے بڑے کرکٹ بیٹ پر دستخط کیے اور اپنے خیالات کا اظہار کیا، اس موقع پر شعیب ملک نے کہا کہ محض 90 روز میں سٹیڈیم تعمیر کرنا حیران کن ہے، سٹیڈیم میں شائقین کی بہترین سہولیات موجود ہیں۔ واضح رہے کہ نیویارک کا نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم پاک بھارت میچ سمیت ورلڈ کپ کے 8 میچز کی میزبانی کرے گا۔