انتشار انگیز گفتگو کا کیس: فواد چودھری کی عبوری ضمانت منظور
05-16-2024
(لاہور نیوز) سیشن کورٹ لاہور نے انتشار انگیز گفتگو کے کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
ایڈیشنل سیشن جج عبدالغفار نے دو صفحات پر مشتمل عبوری ضمانت کا تحریری حکم جاری کردیا، عدالت نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض سابق وفاقی وزیر کی ضمانت منظور کی۔ عدالتی فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ لاہور میں ٹریفک کسی اور وجہ سے جام ہوسکتا ہے، لاہور میں اکثر ٹریفک جام رہتا ہے، فواد چودھری پر ٹریفک جام کرنے کا الزام درست نہیں ہے۔ عدالت نے فیصلے میں مزید کہا کہ اس مقدمے میں عدالت شریک ملزم شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت کنفرم کرچکی ہے۔ یاد رہے کہ تھانہ ریس کورس پولیس نے فواد چودھری کے خلاف سٹرک بلاک کرکے پریس کانفرنس کرنے اور انتشار انگیز گفتگو کرنے کا مقدمہ درج کررکھا ہے۔