بیک وقت دو افراد سے محبت ہو سکتی ہے: نادیہ افگن کا دعویٰ

05-16-2024

لاہور: (فہیم حیدر) سینئر اداکارہ نادیہ افگن نے دعویٰ کیا ہے کہ کسی بھی شخص کو بیک وقت دو افراد سے محبت ہو سکتی ہے لیکن وہ الگ الگ محبتیں ہوں گی۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ افگن حال ہی میں دنیا نیوز کے مقبول ترین شو "مذاق رات" میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے نجی زندگی، کیریئر سمیت دیگر موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ اداکارہ نادیہ افگن کا کہنا تھا کہ محبت میں مرنے کی باتیں کرنا بے وقوفی اور جھوٹ ہوتا ہے، کوئی کسی کے لیے نہیں مرتا۔ ان کے مطابق وہ عام طور پر نوجوان اداکاروں کو شوٹنگ کے دوران محبت سے متعلق بتاتی رہتی ہیں اور انہیں کہتی رہتی ہیں کہ کسی بھی انسان کو بھلانا اور اس کے بغیر پرسکون زندگی گزارنا آسان کام ہے، ہر کسی کو اس کے لیے صرف چار ہفتے درکار ہوتے ہیں۔ نادیہ افگن نے دلیل دی کہ کسی بھی محبت کو بھلانے کے لیے چار ہفتے درکار ہوتے ہیں جو شخص چار ہفتے گزار لے پھر وہ محبت کے بغیر بھی رہ لے گا اور پھر وہ واپس مڑ کر اس شخص کی طرف نہیں دیکھے گا جس سے اس کو محبت ہوتی تھی۔ اداکارہ نے ایک سوال پر کہا کہ بیک وقت دو افراد سے محبت ہو سکتی ہے اور جو لوگ بولتے ہیں کہ انہیں ایک ہی وقت میں دو لوگوں سے محبت نہیں ہوتی وہ جھوٹ بولتے ہیں۔ نادیہ افگن نے کہا کہ بیک وقت دو افراد سے الگ الگ قسم کی محبت ہو سکتی ہے، ایک شخص سے محبت کا مطلب ہوسکتا ہے کہ اس سے ذہنی ہم آہنگی ہوگی جبکہ دوسرے سے وہ محبت ہوگی جو مرنے مرانے والی ہوتی ہے۔