رواں مالی سال بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مجموعی طور پر کمی ریکارڈ
05-16-2024
(لاہور نیوز) ملک میں رواں مالی سال بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مجموعی طور پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ادارہ شماریات نے اعدادوشمار جاری کر دیئے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے مارچ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں صفر اعشاریہ ایک فیصد کمی ہوئی، فروری 2024ء کی نسبت مارچ 2024ء میں بڑی صنعتوں کی پیداوار 9.35 فیصد کم ہوئی، مارچ 2023ء کی نسبت مارچ 2024ء میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 2.04 فیصد کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں مالی سال جولائی سے مارچ تمباکو کی پیداوار میں 0.66 فیصد کی کمی ہوئی، ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار میں 1.47 فیصد، گاڑیوں کی پیداوار میں 1.01 فیصد، الیکٹریکل آلات کی پیداوار میں بھی 0.24 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے مارچ گارمنٹس کی پیداوار 0.77 فیصد بڑھی، پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 0.31 فیصد، فارماسیوٹیکل کی پیداوار میں 1.08 فیصد اضافہ ہوا۔