پنجاب کے شہریوں کیلئے خوشخبری،پہلے فری آئی ٹی سٹی کا قیام
05-16-2024
(لاہور نیوز) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پنجاب کے پہلے فری آئی ٹی سٹی کا افتتاح کر دیا، آئی ٹی سٹی کا پہلا سینٹر گورنمنٹ اے پی ایس ماڈل ہائی سکول ماڈل ٹاؤن قائم کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ فری آئی ٹی سٹی جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے، فری آئی ٹی سٹی میں دو سے تین ماہ کے دورانیہ پر مشتمل جدید آئی ٹی کورسز مفت کروائے جائیں گے۔ داخلہ لینے والے افراد کو ایمازون، گرافکس، دراز، وال مارٹ سمیت دیگر کورسز بلامعاوضہ کروائے جائیں گے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق پنجاب کے نوجوانوں کو جدید آئی ٹی سکلز سے روشناس کروانے کا سفر شروع ہو چکا ہے، فری آئی ٹی سٹی کے سینٹرز کو مرحلہ وار پورے پنجاب میں پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر فنی سکلز کے ذریعے خود مختار بنائیں گے، جن آئی ٹی کورسز کیلئے نوجوانوں کو لاکھوں روپے خرچ کرنا پڑتے تھے، اب نہیں کرنے پڑیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ آئی ٹی سٹی میں داخلے کے لئے ہر سال ٹارگٹ سیٹ کیا جائے گا، ہمارا ویژن پنجاب کے تمام نوجوانوں اور افراد کو دور حاضر کی جدید مہارتیں سکھانا ہے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ جدید مہارتوں کے ذریعے نوجوانوں کو بے روزگاری جیسے کرائسز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائیں گے، پنجاب حکومت کی جانب سے آئی ٹی سٹی میں تعاون اور اشتراک پر جے ڈی سی فاؤنڈیشن کا مشکور ہوں۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر، جے ڈی سی کے جنرل سیکرٹری ظفر عباس، علی شیخانی، ایم پی اے اسامہ اور دیگر بھی موجود تھے۔