مزدور اپنے حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں تو بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنوائیں: گورنر پنجاب

05-15-2024

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مزدور اپنے حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں تو بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنوائیں۔

آواری ہوٹل میں تیسری نیشنل لیبر کانفرنس میں  خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ ذوالفقارعلی  بھٹو نے سب سے اچھے لیبر لاز بنائے، یوسف رضا گیلانی نے لیبر یونینز کو بحال کیا،پیپلز پارٹی ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی بات کرتی ہے۔ گورنر پنجاب نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب میں اچھا کام کر رہی ہیں،اسی ہفتے ان سے ملاقات ہو گی جس میں کسانوں کے مسائل اور صوبے کے معاملات پر گفتگو ہوگی۔ سردار سلیم حیدر کا مزید کہنا تھا کہ مزدور کی تنخواہ 32 ہزار روپے  کرنے کا کہا گیا مگر افسوس اسے اتنے پیسے ملتے  نہیں، میں پوری کوشش کروں گا کہ کم از کم تنخواہ کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔