پنجاب اسمبلی اجلاس: ہتک عزت بل پر اپوزیشن کا اعتراض
05-15-2024
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے حکومت کے ہتک عزت بل پر اعتراضات اٹھا دیئے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج بھی حسب معمول دو گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے شروع ہوا، پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت سپیکر ملک محمد احمد خان نے کی۔ دوران اجلاس حکومتی بنچز کی جانب سے ہتک عزت کا بل پیش کیے جانے پر اپوزیشن نے اعتراضات اٹھاتے ہوئے ہتک عزت بل دوبارہ کمیٹی کو بھجوانے کی درخواست کر دی۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ ہتک عزت کا بل کمیٹی کو دوبارہ بھجوایا جائے، ہتک عزت بل پر سول سوسائٹی اور سٹیک ہولڈرز کواعتماد میں لیاجائے۔ اپوزیشن رکن رانا آفتاب خان نے کہا کہ ہتک عزت کا بل لایا جارہا ہے، کونسی جلدی پڑی ہے کہ فوری بل ایوان میں پیش کیاگیا، بغیر تجاویز اور بحث کے ہتک عزت بل کو لایا جائے گا، اگر پریس والا خبر دے گا تو وہ اس قانون کے زیر عتاب آئے گا۔ اپوزیشن بنچز کے اعتراض پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ وزیر اطلاعات ہوتیں تو اس پر ہاؤس کوآگاہ کرتیں مگر وہ موجود نہیں ہیں لہٰذا ہتک عزت بل پر اپوزیشن تجاویز دے سکتی ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کواختیار ہے اس بل کی مخالفت کر سکتی ہے، ہتک عزت بل پر پیر کے روز ووٹنگ ہوگی، اپوزیشن کے پاس پانچ دن ہیں وہ ہتک عزت بل پر سفارشات دے سکتی ہے۔