190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت منظور

05-15-2024

(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا، عدالت نے 10 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور کی۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بنچ نے 14 مئی کو دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ 9 جنوری کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا اور 26 فروری کو پہلی سماعت مقرر ہوئی۔ پہلی کچھ سماعتوں کے دوران سائفر کیس میں سزا کے خلاف ہی سماعت ہوئی جبکہ درخواست ضمانت پر کارروائی نہ ہو سکی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے 28 مارچ کو پہلی باقاعدہ سماعت کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز نیب کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ گزشتہ روز محفوظ کیا تھا۔ واضح رہے کہ دیگرمقدمات کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کی ابھی رہائی نہیں ہو سکے گی، 9 مئی سمیت سائفرکیس، عدت میں نکاح کا کیس زیر سماعت ہے بحرحال 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کوریلیف ملا ہے۔