بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا خوف حکمرانوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دے رہا: پرویز الہٰی
05-15-2024
(لاہور نیوز) رہنما تحریک انصاف وسابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا خوف جعلی حکمرانوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دے رہا۔
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاسی و معاشی حالات بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے کے بعد ہی بہتر ہو سکتے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اپنا اپنا مثبت رول ادا کریں تب ہی استحکام پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات اور پھر ضمنی الیکشن میں عوام نے ن لیگ کو مسترد کیا، فارم 47 والی حکومت عوام کو کسی صورت قبول نہیں، نااہل حکمران کب تک بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کو جیل میں بند رکھیں گے؟ بہت جلد سب عوام میں ہوں گے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے، لگتا ہے ن لیگ مذاکرات کیلئے سنجیدہ نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کے اندر اس وقت دو بیانیے چل رہے ہیں، ایک مذاکرات کے حق میں ہے اور دوسرا حکمران طبقہ مذاکرات سے فرار چاہتا ہے ،بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے مذاکرات کی حامی بھری ہے۔