پرویز الہٰی کے چیک اپ کیلئے ایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم

05-15-2024

(لاہور نیوز) عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے چیک اپ کے لیے ایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیا۔

لاہور کی سپیشل سینٹرل کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنماؤں پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے کا تحریری حکم جاری کردیا۔ سپیشل سینٹرل کورٹ کے جج تنویر احمد شیخ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے چیک کے لیے ایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو  پرویز الہٰی کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے  تحریری حکم میں کہا کہ  چودھری پرویزالہٰی کا مکمل چیک اپ کیا جائے، میڈیکل بورڈ 21 مئی سے پہلے سابق وزیراعلیٰ کی میڈیکل رپورٹ جاری کرے، پرویز الہی کو آئندہ سماعت پر عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ  ایف آئی اے کے مطابق مونس الہٰی کی گرفتاری کا معاملہ انٹرپول کے پاس زیر التوا ہے، ایف آئی اے ملزم کی گرفتاری کے لیے دوبارہ انٹرپول سے رابطہ کرے۔