وزیراعلیٰ پنجاب نے ایجوکیشن ریفارمز بارے 5سالہ پلان کا شیڈول طلب کرلیا

05-15-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایجوکیشن ریفارمز سے متعلق 5 سالہ پلان کا ماہانہ شیڈول طلب کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت سکول ایجوکیشن ریفارمز سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں سینیٹر پرویز رشید ،صوبائی وزراء  مریم اورنگزیب، راناسکندر حیات، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے سکول نیوٹریشن پراجیکٹ پر پیش رفت سے متعلق وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا، مریم نواز نےایجوکیشن ریفارمز کے پانچ سالہ پلان کا ماہانہ شیڈول طلب کرلیا۔ دوران اجلاس وزیراعلیٰ مریم نواز نے پرائمری سکول ہیڈز کو 32 ہزار 298 کمپیوٹر ٹیبز دینے کی منظوری دیدی جبکہ  ایک ہزار ایلیمنٹری سکولوں میں آئی ٹی اینڈ سائنس لیبز قائم کرنے پر اتفاق ہوا،ایشیائی ترقیاتی بینک لیبز کے قیام کے لئے 100ملین ڈالر کی مالی معاونت کرے گا۔ اجلاس میں سرکاری سکولوں کے  تین لاکھ بچوں کو گوگل سرٹیفکیشن کے لئے معاہدے کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی،  ڈیجیٹل سفر برائے ٹیک ویلی پراجیکٹ کے تحت طلبہ کو گوگل سرٹیفکیشن کے مواقع ملیں گے۔ اجلاس میں پنجاب ایجوکیشن کریکولم اینڈ ٹریننگ کے قیام کی تجاویز اور سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ اس حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ 92 فیصد سے زائد مفت کتابیں ڈیلیور کی جاچکی ہیں۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں میں کوالٹی آف ایجوکیشن کوہر صورت بہتر کرنا ہے۔