پاکستان کیخلاف سیریز، انگلینڈ نے اپنے اہم کھلاڑی آئی پی ایل سے واپس بلا لیے

05-15-2024

(ویب ڈیسک) انگلینڈ نے ورلڈکپ سے قبل پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے اپنے اہم کھلاڑی آئی پی ایل سے واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا اور کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کو چھوڑ کر وطن روانہ ہو رہے ہیں۔

آئی پی ایل کو چھوڑ کر کھلاڑیوں کی وطن واپسی پرانڈین ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے۔ انگلینڈ کے ورلڈکپ سکواڈ میں شامل کھلاڑی ول جیک اور ریس ٹوپلی آئی پی ایل میں دہلی کیپیٹلز کے خلاف میچ جیتنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے جوز بٹلر اور فل سالٹ نے بھی روانگی کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ انگلینڈ کے کھلاڑی معین علی، جونی بیرسٹو اور سیمن کیورن بھی اسی ہفتے بھارت سے واپس روانہ ہو جائیں گے، انگلینڈ کے ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل اسی ہفتے لیڈز میں جمع ہوں گے۔ کھلاڑیوں کی واپس وطن روانگی پر سابق بھارتی کپتان گواسکر نے آئی پی ایل چھوڑنے والے انگلش کرکٹرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بورڈ کو آئی پی ایل ادھورا چھوڑ کر جانے والے کھلاڑیوں اور ان کے بورڈ پر جرمانے عائد کرنے چاہئیں۔