وزیراعلیٰ پنجاب کی ہاکی ٹیم سے ملاقات، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

05-14-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اذلان شاہ ہاکی کپ میں عمدہ کارکردگی پر اپنی، وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے ہاکی ٹیم اور تمام انتظامیہ کو مبارکباد دی، کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہاکی صرف قومی کھیل نہیں قومی فخر ہے، 13 سال بعد ٹیم کی ایسی پرفارمنس رہی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے ہاکی ٹیم کو پوری سپورٹ اور اونرشپ ملے گی۔ وزیر کھیل پنجاب نے کم عرصے میں بہت اچھے اقدامات کئے، وزیر کھیل سے کہوں گی کہ ہاکی ٹیم کو جس تعاون کی ضرورت ہے وہ پورا کریں۔ مریم نواز نے کہا کہ وزیر کھیل پنجاب کو ذمہ داری دی ہے کہ سپورٹس کو بحال کریں، چاہتی ہوں کہ نوجوانوں اور طلبہ کے لئے صحت مند سرگرمیاں ہوں، وزیر کھیل پنجاب کو سپورٹس کے لئے جو بجٹ چاہئے ہو گا دوں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں سے درخواست ہے کہ ہاکی کے کھیل کو گلی محلہ تک پہنچانے کے لئے ساتھ دیں، ہم انٹرنیشنل لیول کی سہولیات دینے کی کوشش کریں گے، ہر کھلاڑی صحت کے ساتھ سپورٹس کی بحالی میں ہمارا ساتھ دیں۔