اسحاق ڈار کی چینی توانائی کمپنی کے حکام سے ملاقات، حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر گفتگو
05-14-2024
(ویب ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چائنہ تھری گورجز کارپوریشن کے ایگزیکٹو نائب صدر سے ملاقات کی اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر کی ترقی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں مواقعوں کے جائزہ پر تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم نے کروٹ اور جھمپیر سمیت پاکستان میں سی ٹی جی آئی کے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو سراہا، یہ منصوبے ماڈل پروجیکٹس کے طور پر کام کرتے ہیں، اسحاق ڈار نے دوران ملاقات پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی نشاندہی بھی کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین سی ٹی جی آئی نے پاکستان کے ساتھ مسلسل وابستگی کا اعادہ کیا، آزاد جموں و کشمیر میں کوہالہ اور محل ہائیڈرو پاور پراجیکٹس جیسے جاری منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔