کشمیر کے معاملے پر تحریک انتشار اور ملک دشمن عناصر کا ایجنڈا ایک تھا:عطا تارڑ

05-14-2024

(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے معاملے پر تحریک انتشار اور ملک دشمن عناصر ایک ہی ایجنڈے پر گامزن تھے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انتشار بھی کشمیر کے معاملے پر انتشار پھیلانے کا سوچ رہی تھی، وزیراعظم کے بروقت نوٹس نے ایک سانحے سے بچالیا، وزیراعظم نے تمام سٹیک ہولڈرز کو سنا ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت کو 23 ارب روپے کی رقم دی جائے گی، یہ ہی فیصلہ سازی ہوتی ہے جو بروقت فیصلے لیے جاتے ہیں، وزیراعظم کے اقدامات سے دشمن کو ذلت ہوئی ہے، سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، آزاد  کشمیر کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے، ہر وقت اور ہر فورم پر کشمیر کی بات ہے،کشمیر میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی ہے۔ عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ کے خط اور قول و فعل کی کوئی وقعت نہیں ہے، آپ ایک قیدی ہیں کوئی عہدیدار نہیں، بتایا جائے بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں پر ایف آئی آر کیوں درج نہیں ہوئی، 9مئی والے دن تینوں کور کمانڈر ہاؤس کے باہر موجود تھیں۔