گندم کی نئی قیمت کے تعین کا معاملہ: سرکاری وکیل کو جواب جمع کروانے کی مہلت
05-14-2024
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے گندم کی نئی قیمت مقرر کرنے کیلئے درخواست پر سرکاری وکیل کو جواب جمع کروانے کی مہلت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے احمد بلال محبوب ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ وفاقی حکومت نے 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم ہونے کے باوجود 35 لاکھ ٹن گندم باہر سے درآمد کی، وفاقی حکومت کے گندم درآمد کرنے سے قومی خزانے کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ حکومت پنجاب نے گندم کی وہی قیمت برقرار رکھی ہے جو گزشتہ سال تھی، مہنگائی 20 فیصد بڑھ چکی ہے مگر کسانوں کیلئے گندم کا ریٹ نہیں بڑھایا گیا، حکومت کو حکم دیا جائے کہ گندم کی نئی قیمت مقرر کرے۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اس معاملے پر ہمیں جواب جمع کروانے کیلئے مہلت دی جائے، عدالت عالیہ نے سرکاری وکیل کو جواب جمع کروانے کیلئے مزید مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے وفاق، پنجاب حکومت اور محکمہ زراعت سے جواب طلب کر رکھا ہے۔