آئی ایم ایف کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ میں خرابیوں پر تشویش

05-14-2024

(ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ میں خرابیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان ٹیکس سٹرکچر اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن پر مذاکرات ہوئے، آئی ایم ایف مشن نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ پر عملدرآمد رپورٹ طلب کی، وزیراعظم آفس کو دی گئی رپورٹ آئی ایم ایف مشن کو پیش کی گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف نے ایف بی آر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا دائرہ پانچ بڑے شعبوں میں مکمل عائد کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی، مشن نےآئندہ مالی سال ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مکمل انسٹال کرنے کی تجویز دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ  آئی ایم ایف مشن اور ایف بی آر کے درمیان ٹیکس نیٹ بڑھانے اور ٹیکس چوری روکنے کیلئے اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ ذرائع نے مزید کہا ہے کہ آئی ایم ایف مشن اور ایف بی آر حکام کے درمیان مذاکرات مزید جاری ہیں، ریونیو شارٹ فال پُر کرنے کیلئے آئی ایم ایف مشن کو پلان فراہم کیا جائے گا۔