حازم بنگوارکا منفرد اسٹائل ایوارڈ شو میں لوگوں کی توجہ کا مرکز
05-13-2024
(ویب ڈیسک) سابق اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد حازم بنگوارکا منفرد اسٹائل ایوارڈ شو میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں ‘کشمیر ہم اسٹائل ایوارڈز 2024′ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں فیشن، فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اور باصلاحیت فنکاروں نے شرکت کی ۔کشمیر ہم اسٹائل ایوارڈز 2024′ کی تقریب میں فیشن، فلم، ڈرامہ اور اسپورٹس سے منسلک قابل شخصیات کو اُن کے زبردست کام اور اسٹائل کے لیے مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اس ایوارڈ شو میں جہاں پاکستانی اداکارائیں اپنے بولڈ لباس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ٹرول ہوئیں تو وہیں حازم بنگوار نے اپنے منفرد اسٹائل کی وجہ سے تقریب سمیت سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کی۔حازم بنگوار نے سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا تھا جس پر اُنہوں نے مصنوعی پَر بھی لگائے ہوئے تھے، حازم بنگوار نے اپنے اس منفرد اسٹائل کے ساتھ جیسے ہی ایوارڈ شو کی تقریب میں انٹری دی تو شرکاء اُنہیں دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ اُن کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو صارفین نے حازم بنگوار کے فیشن پر مزاحیہ اور دلچسپ تبصرے کیے۔دوسری جانب یاسر حسین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں حازم بنگوار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اُن کے منفرد اسٹائل کی تعریف کی۔یاسر حسین نے کہا کہ سارا ایوارڈ شو ایک طرف اور حازم بنگوار ایک طرف۔