مسلم لیگ(ن) نے بچوں کے ہاتھ پٹرول بم،غلیلیں نہیں دیں: مریم نواز شریف

05-13-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے مسلم لیگ(ن) نے بچوں کے ہاتھ پٹرول بم اور غلیلیں نہیں دیں۔

چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ کا آغاز ہو گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پروگرام کے لئے ایک ہزار بچوں کا انتخاب ہوا ہے، ہزار میں سے 600 لڑکے اور 400 لڑکیوں کا انتخاب ہوا، خوشی ہے کہ پہلی مرتبہ جاب مارکیٹ پر مبنی کورسز متعارف کرائے گئے ہیں، سکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں بچیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، کوشش ہو گی کہ کورس کی تکمیل سے پہلے ہی بچوں کو روزگار مل جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کئی لوگ کہتے ہیں ہم یہ کریں گے وہ کریں گے، مسلم لیگ(ن) نے بچوں کے ہاتھ پٹرول بم اور غلیلیں نہیں دیں، ہم نے بچوں کو سکیورٹی فورسز کی آنکھیں پھوڑنا نہیں سکھایا، جناح ہاؤس کوراکھ کا ڈھیر بنا دیا گیا، ہم نے بچوں کو یہ نہیں سکھانا مار دو۔ انہوں نے کہا کہ صرف عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو روکا جاتا ہے، اورنج لائن کے منصوبے کو بھی روکا گیا تھا، جج صاحب اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں، ایگزیکٹوکے کام میں مداخلت کریں گے تو پھر ملک کیسے چلے گا، عوام کی بہتری کے منصوبے روکیں گے تو پھر ملک کا جو حال ہے وہی ہو گا، لیپ ٹاپ پروگرام کو دوبارہ شروع کر رہےہیں۔