وزیراعلیٰ پنجاب کا پہلا پلگ اینڈ پلے طرز پر گارمنٹ سٹی قائم کرنے کا فیصلہ
05-13-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پہلا پلگ اینڈ پلے طرز پر گارمنٹ سٹی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا، منسٹر انڈسٹری چوہدری شافع حسین کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی گئی۔ پہلے پلگ اینڈ پلے گارمنٹ سٹی میں تمام سہولیات میسر ہونگی، گارمنٹ سٹی میں بڑی ایپیرل انڈسٹریز سے اظہار دلچسپی طلب کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گارمنٹ سٹی میں شیڈ اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی، گارمنٹ سٹی میں ویونگ، ڈائینگ اور دیگر متعلقہ یونٹ قائم ہونگے، گارمنٹ سٹی میں گرین انرجی /سولر انرجی سسٹم قائم کئے جائیں گے، پہلے گارمنٹ سٹی پائلٹ پروجیکٹ کے بعد بتدریج دیگر علاقوں میں بھی گارمنٹ سٹی قائم ہونگے۔ گارمنٹ انڈسٹری کے لئے ورکرز کی ٹیکنیکل ٹریننگ کا اہتمام کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔