غیر قانونی بھرتیوں کا کیس، پرویز الہٰی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی
05-13-2024
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
دوران سماعت لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے فرد جرم کی کارروائی کے لئے سابق وزیراعلٰی پنجاب پرویز الہٰی اور محمد خان بھٹی عدالت پیش ہوئے تاہم 2 شریک ملزمان کے غیر حاضر ہونے کے باعث ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، شریک ملزم امین کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ملزم فرد جرم کی کارروائی لٹکانے کے لئے غیر حاضر ہے، آئندہ سماعت پر ملزم امین کی میڈیکل رپورٹ بھی طلب کر لی گئی۔ بعد ازاں عدالت نے جیل میں پرویز الٰہی کو ادویات فراہم کرنے کے لئے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہدایت کرتے ہوئے فرد جرم کی کارروائی 21 مئی تک ملتوی کر دی۔ چوہدری پرویز الہٰی نے اینٹی کرپشن عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا مذاکرات ہی موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہے، بانی پی ٹی آئی اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ ملک و قوم کیلئے مذاکرات پر رضامند ہوئے ہیں، صرف بااختیار مقتدر حلقوں سے مذاکرات ہی نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں، بااختیار مقتدر حلقوں کو سابق صدر عارف علوی کی مذاکرات کی دعوت کا مثبت جواب دینا چاہئے۔