خواجہ سراؤں کو اغواء کرنے والے اوباش پولیس کے شکنجے میں آگئے

05-13-2024

(لاہور نیوز) خواجہ سراؤں کو اغواء و تشدد کا نشانہ بنانیوالے اوباش پولیس کے شکنجے میں آگئے۔

ترجمان سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے پاکپتن سے اغوا ہونے والے خواجہ سراؤں کو بازیاب کروا دیا۔ سیف سٹی ترجمان نے بتایا ہے کہ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن پر خواجہ سراؤں کو اغواء کرنے اور تشدد کی کال موصول ہوئی، ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے پولیس کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا۔ اتھارٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خواجہ سراؤں کو اغواء کاروں کے چنگل سے بازیاب کروایا اور ملزمان کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن  سے  4 ہزار 300 سے زائد کیسز میں  خواتین کو پولیس مدد فراہم کرچکی ہے،ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن مظلوم طبقے، خواتین، بچوں اور ٹرانسجینڈرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر دم کوشاں ہے۔