شہر کے میگا پراجیکٹس نظرانداز، میٹرو بس توسیعی منصوبہ بھی ٹھپ

05-12-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے میگا پراجیکٹس نظر انداز کردیئے گئے، میٹرو بس کی توسیع اور نئی میٹرو لائنز کی تعمیر کا کام آئندہ مالی سال میں بھی نہیں ہوسکے گا۔

لاہور سابق ادوارمیں ترقیاتی کاموں کا محور رہا، درجنوں فلائی اوورز اور انڈر پاسز  بنے، نگران دور  میں 9 سے زائد میگا پراجیکٹس مکمل ہوئے مگر پنجاب کی نئی حکومت نے ترجیحات  بدل لیں،اب بڑے منصوبوں کی بجائے شہر  کی گلیوں اورمحلوں میں ترقیاتی کام ہوں گے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)  نے بھی  ترقیاتی پروگرام میں میگا پراجیکٹس کو یکسرنظر انداز کردیا، ایل ڈی اے ارکان اسمبلی کے حلقوں میں  12 ارب روپے سے ترقیاتی کام کرائے گا۔ ذرائع کے مطابق ترقیاتی پروگرام کا ابتدائی ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے جس کے مطابق بند روڈ  کوریڈور اور راوی بریج منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا، مجوزہ میگا پراجیکٹس کے فنڈز پر کٹ لگے گا جبکہ کریم بلاک فلائی اوور اور وائے جنکشن برکت مارکیٹ  کیلئے خاطر خواہ فنڈز تجویز نہیں  کیے گئے۔ نئی حکومتی ترجیحات کے بعد میٹرو بس کے ٹریک میں توسیع اور نئی میٹرو لائنز کی تعمیر کا کام بھی آئندہ مالی سال میں نہیں ہوسکے گا۔