فیلڈ ہسپتالوں میں علاج کی سہولت حاصل کرنیوالے مریضوں کے اعدادوشمار جاری
05-12-2024
(لاہور نیوز) فیلڈ ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات حاصل کرنے والے مریضوں کے اعدادوشمار جاری کردیئے گئے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز فیلڈ ہسپتالوں میں 3 ہزار 745 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، صوبہ بھر میں 245 مریضوں کے لیب ٹیسٹ جبکہ 139 مریضوں کے الٹراساونڈ اور ایکسرے کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور، مظفرگڑھ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ڈی جی خان، اٹک، بہاولپور میں فیلڈ ہسپتال عوام کی خدمت کررہے ہیں، سرگودھا، حافظ آباد، ملتان، جھنگ، نارووال، رحیم یار خان اور راجن پور میں بھی فیلڈ ہسپتال کام کررہے ہیں۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ منڈی بہاؤالدین، چکوال، شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لودھراں، خانیوال، لیہ، پاکپتن، سیالکوٹ اور وہاڑی میں بھی فیلڈ ہسپتالوں کو فعال کردیا گیا ہے۔ وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام مریضوں کو ادویات اور ٹیسٹوں سمیت مفت طبی سہولیات دی جارہی ہیں، روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ ہسپتالوں کی کارکردگی اور موومنٹ مانیٹر کررہے ہیں، مریضوں کے گھروں میں مفت ادویات فراہم کرکے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وعدہ پورا کردیا۔