ویلڈن قومی ہاکی ٹیم: وزیر کھیل پنجاب کا کھلاڑیوں کیلئے انعام رقم کا اعلان

05-11-2024

(لاہورنیوز) ویلڈن قومی ہاکی ٹیم، وزیر کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے قومی ہاکی ٹیم کے لئے انعامی رقم کا اعلان کر دیا۔

‏وزیر کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ جذبے، جوش، ولولے اور محنت سے قومی ٹیم نے سالوں بعد اذلان شاہ کپ کے فائنل میں بہترین کھیل پیش کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی، حکومت پنجاب کی جانب سے آپ کی بہترین پرفارمنس پر 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ ‏قوم کی جانب سے آپ کے لئے داد اور مبارکباد بھی پیش کرتا ہوں، ایک بار پھر قومی ٹیم نے عالمی افق پر قومی پرچم بلند کیا ہے، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب قومی کھیل ہاکی میں ایک بار پھر دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو گا۔ صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ پنجاب حکومت قومی کھیل کی بحالی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھاتی رہے گی۔