سیاسی استحکام سب جماعتوں کے متحد ہونے سے آئے گا: گورنر پنجاب

05-11-2024

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا ہے سیاسی استحکام سب جماعتوں کے متحد ہونے سے آئے گا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزارِ اقبال پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر اشفاق بھی گورنر کے ہمراہ تھے، گورنر پنجاب نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کئے، رینجرز کے چاق وچوبند دستے نے گورنر پنجاب کو سلامی دی۔   اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں گورنر پنجاب نے کہا پیپلز پارٹی کا میں عام ورکر ہوں جسے اللہ نے گورنر بنایا، کوشش ہو گی کہ گورنر ہاؤس کو عام لوگوں کے لئے کھلا رکھا جائے۔ انہوں نے کہا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت ہے، سیاسی استحکام سب جماعتوں کے متحد ہونے سے آئے گا، پنجاب حکومت میں جہاں غلطی ہو گی پوائنٹ آؤٹ کیا جائے گا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے دربار بی بی پاک دامن اور داتا دربار پر بھی حاضری دی، چادریں چڑھائیں، نوافل ادا کئے اور ملک و قوم کی فلاح و بہبود کے لئے دعائیں کیں۔