وزیراعلیٰ سے ٹی یو وی رائن لینڈ کمپنی جرمنی کے ریجنل ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ کی ملاقات

05-11-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ٹی یو وی رائن لینڈ کمپنی جرمنی کے ریجنل ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ بینیڈک انیسلمن کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران پنجاب کے ترقیاتی پراجیکٹس کیلئے ٹیکنیکل سروسز فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹی یو وی رائن لینڈ کمپنی کو صوبے میں کاروباری مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔ پنجاب میں فلاحی منصوبوں کے لئے ٹی یو وی رائن لینڈ سے تکنیکی معاونت کے حصول پر تبادلہ خیال کیا گیا، ترقیاتی پراجیکٹس کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ، پراجیکٹ مینجمنٹ، سرٹیفکیشن اور آڈیٹنگ کے لئے سروسز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بینیڈک انیسلمن نے پنجاب میں فلاحی منصوبوں کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی، ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کو ٹیکنالوجی کی مدد سے زیادہ مؤثر بنانے کیلئے اشتراک کار کا اصولی فیصلہ کیا گیا، پنجاب میں منصوبوں کی کامیاب تکمیل میں تکنیکی مدد اور مہارت فراہم کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ بینیڈک انیسلمن نے وزیر اعلیٰ کی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے لگن کو سراہتے ہوئے عوام کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں جدت اور پائیدار حل کے لئے ٹی یو وی رائن لینڈ کے ساتھ شراکت داری کی پیشکش کو سراہا۔