کسانوں سے بچنے والی گندم کا ایک ایک دانہ خریدیں گے: رانا تنویرحسین

05-11-2024

(لاہورنیوز) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ کسانوں سے بچنے والی گندم کا ایک ایک دانہ خریدیں گے۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اشیائے خور و نوش کا سٹریٹیجک ذخیرہ برقرار رکھنے کی ذمہ دار ایجنسی ’پاسکو‘ گندم کی خریداری کر رہی ہے، ہدف پورا ہونے کے بعد باقی بچنے والی گندم کا ایک ایک دانہ کسان سے خریدیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باردانہ کی فراہمی کے لیے آن لائن رجسٹریشن بھی شروع کردی، خریداری اور باردانہ کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، گزشتہ سال ڈی اے پی اور یوریا مہنگی ملی، کسانوں کو مقررہ نرخ پر کھاد کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ایک ایکڑ والے کو 8 بوری گندم باردانہ دیا جارہا ہے، خریداری اور باردانہ کی فراہمی شفاف بنائی جارہی ہے، پاسکو گندم کی خریداری کررہی ہے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں گندم کی خریداری نہیں کر رہیں، وزیراعظم نے گندم خریداری کا میکنیزم بنانے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ ملک بالخصوص پنجاب میں ان دنوں حکومت کی جانب سے گندم نہ خریدے جانے کے باعث کسان سراپا احتجاج ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے گندم بحران پر نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری فوڈ سکیورٹی محمد آصف کو عہدے سے ہٹایا تھا۔