فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہربنس پورہ میں چھاپے، جعلسازی میں ملوث 2 یونٹ بند

05-11-2024

(لاہور نیوز) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے قصور روڈ، محمود بوٹی اور ہربنس پورہ میں چھاپے مارے۔

 چھاپے کے دوران جعلسازی میں ملوث 2 یونٹ بند، بھاری جرمانہ عائد کر کے 2 مقدمات درج کئے گئے، 5 ہزار 763 لٹر جعلی کولڈ ڈرنکس، 600 لٹر ملاوٹی دودھ اور 120 کلو ممنوعہ ناقص اشیاء تلف کی گئیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا یونٹس سے جعلی ڈرنکس اور دودھ نما سفید محلول برآمد ہونے پر مافیا کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے گئے، ممنوعہ نیلے ڈرموں میں کیمیکلز سے تیار جعلی محلول رکھا پایا گیا۔ پکوان سینٹر کے کچن ایریا میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، مکھیوں مچھروں کی بہتات پائی گئی، ناقص سٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن کے استعمال پر پکوان سینٹرز بند کر کے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔