آئندہ بجٹ میں صنعتوں کیلئے بجلی و گیس کی سبسڈی ختم کی جائے: آئی ایم ایف

05-11-2024

(ویب ڈیسک) آئی ایم ایف نے قرض اور بجٹ مذاکرات سے پہلے معاشی چیلنجز ظاہر کر دیئے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے آئندہ بجٹ میں توانائی شعبے کے لئے پالیسی گائیڈ لائن فراہم کر دی، آئندہ مالی سال بجلی اور گیس کے ریٹ بروقت طے کئے جائیں جبکہ آئندہ بجٹ میں بجلی اور گیس کا سرکلر ڈیٹ بڑھنے نہ دینے کی ہدایت بھی کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے اپنی گائیڈ لائن میں آگاہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ٹیوب ویل کی سبسڈی ختم کر دی جائے اور آئندہ بجٹ میں ٹیوب ویل متبادل توانائی پر منتقل کرنے اور صنعتوں کے لئے بجلی کی سبسڈی بھی ختم کرنے کی ہدایت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے آئندہ بجٹ میں صنعتوں کے لئے گیس کے رعایتی نرخ ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ توانائی اصلاحات کے بغیر پاکستانی معیشت خطرات سے دوچار رہے گی، آئندہ بجٹ میں توانائی کے شعبے میں مقررہ بجٹ سے تجاوز خطرناک ہو سکتا ہے۔ علاوہ ازیں آئی ایم ایف نے مالی سال بجلی اور گیس کے بلوں میں وصولی بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔