رومانوی کامیڈی فلم ’پوپی کی ویڈنگ‘ ریلیز

05-11-2024

(ویب ڈیسک) ابھرتے ہوئے اداکار خوشحال خان کی ڈیبیو رومانوی کامیڈی فلم ’پوپی کی ویڈنگ‘ کو ریلیز کردیا گیا۔

فلم میں نازش جہانگیر ہیروئن کے کردار میں جلوے بکھیرتی دکھائی دیتی ہیں۔ ’پوپی کی ویڈنگ‘ کا پریمیئر کراچی میں منعقد ہوا، جس میں فلم کی کاسٹ اور ٹیم سمیت دیگر شوبز شخصیات نے شرکت کی۔ ’پوپی کی ویڈنگ‘ کے پریمیئر کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، پریمیئر میں نازش جہانگیر اور خوشحال خان سمیت ہانیہ عامر اور زاویار اعجاز توجہ کا مرکز بنے رہے اور ان کی متعدد ویڈیوز بھی وائرل ہوگئیں۔ ’پوپی کی ویڈنگ‘ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم اچھی کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔ فلم کی کہانی نہ صرف رومانوی ہے بلکہ فلم میں شائقین کو کامیڈی بھی دیکھنے کو ملے گی جبکہ فلم خاندانی جذبات سے بھی بھری ہوئی ہے۔ فلم کے ٹریلر میں دکھایا گیا تھا کہ خوشحال خان بیرون ملک مزیدار زندگی گزار رہے ہوتے ہیں تو انہیں خاندان والے اچانک شادی کے لیے وطن بلا لیتے ہیں اور ان کی رضامندی اور انہیں دلہن دکھائے بغیر ان کی شادی طے کردیتے ہیں۔ اسی طرح نازش جہانگیر کے خاندان والے بھی ان کی رضامندی کے بغیر ہی ان کی شادی طے کردیتے ہیں لیکن ٹریلر سے عندیہ دیا گیا تھا کہ اگرچہ ہیرو اور ہیروئن کی شادی الگ الگ طے ہوتی ہے لیکن درحقیقت ان دونوں کی آپس میں شادی طے کی جاتی ہے لیکن انہیں اس بات کا علم نہیں ہوتا۔ فلم کی کہانی کنزہ ضیا اور عمار لاسانی نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی فلم کی ہدایات دی ہیں اور انہوں نے ہی اسے پروڈیوس بھی کیا ہے۔