ڈومیسٹک رولز کی خلاف ورزی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا بڑا ایکشن

05-11-2024

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک رولز کی خلاف ورزی پر بڑا ایکشن لیتے ہوئے اسلام آباد کرکٹ کے چاروں زونز اور گلگت بلتستان کرکٹ ایسوسی ایشن کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

پی سی بی کی جانب سے شوکاز نوٹس ماڈل کانسٹیٹیوشن اینڈ ڈسٹرکٹ زونز کی خلاف ورزی پر جاری کیا گیا۔ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی انٹر کلب ٹورنامنٹ منعقد نہ کرانے پر چاروں زونز اور گلگت بلتستان کرکٹ ایسوسی ایشن سے 7 روز کے اندر جواب مانگ لیا۔ پورے ملک میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت زونز اور کرکٹ ایسوسی ایشنز نے انٹر کلب ٹورنامنٹ منعقد کروائے مگر اسلام آباد کے چاروں زونز نے کوئی ٹورنامنٹ منعقد نہیں کرایا۔ پی سی بی کے شیڈول کے مطابق 20 اپریل کو ٹورنامنٹ شروع ہونا تھا جو نہیں کرایا گیا، بورڈ نے شوکاز نوٹس کے تحت سات روز میں جواب مانگ لیا۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک خرم خان نیازی اور جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ جنید ضیاء نے پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت نوٹس جاری کئے۔ ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹس کے جواب میں پی سی بی کو مطمئن نہ کئے جانے کی صورت میں چاروں زونز اور گلگت بلتستان کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدور اور ذمہ داران کے خلاف تادیبی کارروائی کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹر کلب ٹورنامنٹ منعقد نہ کرانے سے گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع نہ مل سکا۔