پنجاب میں 7لاکھ طلبہ کوعینک اورآلہ سماعت فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری
05-11-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے7لاکھ طلبہ کوعینک اور ہیئرنگ ایڈ فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دیدی۔
منصوبے کے تحت پنجاب کے سکولوں میں طلبہ کی سکریننگ کر کے نظر اور قوت سماعت چیک کی جائے گی ، کمزور قوت بصارت اور قوت سماعت والے طلبہ کو چشمے او ریپیرنگ ایڈ دی جائیں گی ، اس حوالے سے پنجاب کے سرکاری اور نجی سکولو ں میں سکریننگ کا عمل جلد شروع کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اے ٹی سکیل کے وفد نے ملاقات کی ، سکولوں میں انٹرنیٹ سروسز اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سکولوں کے بچوں میں غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا جبکہ ہیلتھ نیو ٹریشن اور دیگر اقدامات کا جائزہ لینے کے ساتھ متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک کار کی ضرورت پر زور دیاگیا ۔ سکولوں کے اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے کے لئے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں آٹزیم کے شکار بچوں کے لئے پہلا سرکاری سکول لاہور میں قائم کیاجائے گا، عوام کی خدمت کے لئے روایتی طریقے سے ہٹ کر کام کرناچاہتی ہوں۔ مریم نواز نے کہا کہ نئے دور میں نئی سوچ سے ہی مثبت تبدیلی ممکن ہے، عالمی معیار کے مطابق تعلیم حاصل کرنا، ہر بچے کا حق ہے، طلبہ کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے نجی اشتراک سے پیکٹ ملک پراجیکٹ شرو ع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں مفت ایمرجنسی وائی فائی کی سہولت دوبارہ شروع کر دی ہے۔