پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیاں روزانہ 5 ہزار نان فائلرز کی سمز بند کرنے پر متفق
05-10-2024
(لاہور نیوز) پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیوں میں روزانہ پانچ ہزار نان فائلرز کی سمز بند کرنے پر اتفاق ہو گیا۔
ہفتہ کے روز سے نان فائلرز کی روزانہ کی بنیاد پر 5 ہزار سمز بند کرنے کا عمل شروع ہو گا، انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے نفاذ کیلئے ایف بی آر کی پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز کیساتھ ملاقات ہوئی۔ ملاقاتوں کا مقصد ٹیکس سال 2023 کے نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنا یقینی بنانا ہے، ٹیلی کام آپریٹرز نے چھوٹے بیچز میں مینوئل طریقے سے سمز بلاک کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق 5 ہزار نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کی لسٹ ٹیلی کام آپریٹرز کو مہیا کر دی گئی، ٹیلی کام آپریٹرز نے نان فائلرز کو سمز بلاک کرنے کے پیغامات بھیجنا شروع کر دیئے۔