لاہور کا کینال روڈ توسیع منصوبہ مکمل نہ ہو سکا

05-10-2024

(لاہور نیوز) لاہور کا کینال روڈ توسیع منصوبہ پھر نظر انداز ہونے لگا، شہر کی مصروف ترین سڑک کو توسیع دینے کا منصوبہ 5 سال بعد بھی مکمل نہ ہو سکا۔

2015  میں شہر کے سب سے بڑے سگنل فری کوریڈور کے لئے منصوبہ تیار کیا گیا،27 کلومیٹر طویل کینال روڈ پر چلنے والی ٹریفک کو تین لین فراہم کی جانی تھی، 9برسوں کے دوران پنجاب میں برسر اقتدار 4 حکومتیں منصوبے پر عملدرآمد نہ کر سکیں۔ ایل ڈی اے نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری شروع کر دی تاہم ٹھوکر تا بی آر بی کینال روڈ منصوبہ پھر غیر منظور شدہ ترقیاتی کاموں میں شامل ہو گیا۔ شہباز شریف کی وزارت اعلیٰ کے دور میں کینال روڈ کی توسیع کی گئی تھی، 2018 میں توسیعی منصوبہ ہربنس پورہ تک محدود ہو کر رہ گیا۔ گزشتہ 4 برسوں سے کینال روڈ توسیعی منصوبہ کے فنڈز سرنڈر ہو رہے ہیں جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے تاحال کینال روڈ توسیع کے لئے کوئی گرین سگنل نہیں دیا گیا ہے۔