شہر لاہور میں سڑکوں پر ٹریفک آگاہی کے سائن بورڈز کم پڑ گئے
05-10-2024
(لاہور نیوز) شہر لاہور میں سڑکوں پر ٹریفک آگاہی کے سائن بورڈز کم پڑ گئے، شہر کے مختلف مقامات پر 654 سائن بورڈز کی ضرورت ہے۔
ٹریفک روانی ہموار کرنے اور شہریوں کو آگاہی دینے کا منصوبہ فائلوں میں بند پڑا ہے، ٹیپا کا شہر میں نئے سائن بورڈز کی تنصیب کا منصوبہ التوا کا شکار ہو گیا، بیشتر مقامات پر سائن بورڈز نہ ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹیپا نے شہر کے دس ٹریفک سرکلز میں 654 سائن بورڈز لگانے کا فیصلہ کیا، ون وے، نو پارکنگ اور خطرناک یوٹرن سے متعلق سائن بورڈز لگائے جانے تھے، ٹیپا نے سائن بورڈ کی تیاری اور تنصیب کیلئے تین کروڑ 30 لاکھ روپے کا تخمینہ تیار کیا، پنجاب حکومت کی جانب سے نئے ٹریفک سائن بورڈز کی تنصیب کے لئے فنڈز جاری نہ ہو سکے۔ شہر میں نئے سائن بورڈز کی تنصیب کا کام ایک ماہ میں مکمل کیا جانا تھا، منصوبے کی منظوری کو دو ماہ گزر گئے مگر کام کا آغاز نہ ہو سکا۔ ٹیپا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے بورڈز کی تنصیب کیلئے ایل ڈی اے کو بجٹ مختص کرنے کی استدعا کر دی ہے۔