کسانوں کو ورکنگ کیپیٹل فراہم کرنے کیلئے آئی ایف سی کی دلچسپی خوش آئند ہے: مریم نواز
05-10-2024
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کسانوں کو ورکنگ کیپیٹل فراہم کرنے کیلئے آئی ایف سی کی دلچسپی خوش آئند ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کے کنٹری مینیجر برائے پاکستان اور افغانستان ذیشان احمد شیخ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پرائیویٹ سیکٹر انویسٹمنٹ اور بزنس پلان سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کاروباری طریقوں کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر گفتگو ہوئی، اناج کے ذخیرہ میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے پر بھی گفتگو کی گئی، خواتین اور چھوٹے کاروباری حضرات کو مالیاتی خدمات فراہم کرنے سے متعلق مختلف منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں نجی سرمایہ کاروں کے تعاون سے روزگار اور کاروباری سرگرمیاں بڑھانے میں آئی ایف سی کو سراہا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا گرین انرجی، زراعت، انفراسٹرکچر، مینوفیکچرنگ اور ہیلتھ میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرینگے، تکنیکی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، فارماسیوٹیکل سیکٹر اور برآمد پر مبنی صنعتوں کی ڈویلپمنٹ میں تعاون درکار ہے۔ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے کنٹری مینیجر برائے پاکستان اور افغانستان ذیشان احمد شیخ کا کہنا تھا ورلڈ بینک گروپ ممبر کی حیثیت سے آئی ایف سی بزنس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں قابل قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے، پنجاب میں غذائی تحفظ کو بہتر بنانے اور اناج ذخیرہ کرنے کیلئے جدید سہولیات میں اشتراک کار جاری ہیں، آئی ایف سی مالیاتی خدمات کو خواتین اور چھوٹے تاجروں سمیت محروم کمیونٹیز کے لئے مزید قابل رسائی بناتا ہے۔ ذیشان احمد شیخ نے مزید کہا انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کئی سالوں سے پاکستان کی ترقی میں معاونت کے لئے سرگرم عمل ہے۔