وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا روٹی کی قیمتوں میں مزید کمی کا عندیہ

05-10-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے روٹی کی قیمتوں میں مزید کمی کا عندیہ دے دیا۔

ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں 20کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزارروپے سستا ہوا ہے ، مرغی کے گوشت کی قیمت میں 23روپے فی کلو کمی ہوئی ، آلو، پیاز کی قیمتیں بھی کم ہوئیں ، صوبے میں روٹی کی قیمت 16روپے سے بھی کم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت وزیر اعلیٰ مریم نواز کی پرفارمنس کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، ہمیں ڈکٹیشن نہ دیں حکومت کو کام کرنے دیں، حکومت کا کام پالیسی بنانا ہے جس پر کسی کی ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ طعنے دینے والے کام کرکے دکھائیں، عام آدمی کا مسئلہ یہ ہے کہ آٹا کتنے کا مل رہا ہے، اسلام آباد میں روٹی کی قیمت کیا ہوگی یہ حکومت کے بجائے کہیں اور طے ہورہا تھا، خدا کیلئے حکومت جو کام کررہی ہے اس کو کرنے دیا جائے، ورلڈ بینک کہتا ہے جی ڈی پی میں اضافہ ہوگا، پاکستان میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ کیا ہمیں کوئی اور بتائے گا کہ کنال روڈ پر لائٹس لگانی ہیں یا نہیں؟ کیا صرف سکوٹر دینے سے لوگ بچیوں کو چھیڑیں گے؟ ہم کسی کے کام نہیں کررہے ، مہربانی کوئی ہمارے بھی کام مت کرے۔ انہوں نے مزید کہا اگر پنجاب میں مہنگائی کم ہوسکتی ہے تو دوسرے صوبوں میں کیوں نہیں، خیبر پختونخوا کے عوام بھی سستی اشیاء  خریدنے کے حقدار ہیں، گنڈا پور نے مان لیا ہے کہ ہم بجلی چوری کرتے ہیں آپ جو کرسکتے ہیں وہ کرلیں۔