فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہو گی: ڈی سی

05-10-2024

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے سموگ کے تدارک اور احتیاطی تدابیر کے تحت گندم سمیت فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام شروع کردی،ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے اس حوالے سے  اسسٹنٹ کمشنرز کو ہائی الرٹ کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ زراعت اور محکمہ ماحولیات سموگ کے خلاف مشترکہ اور جامع لائحہ عمل اپنارہے ہیں،ضلع بھر کے لمبرداروں کے ساتھ تحصیل کی سطح پر کنونشن منعقد کیا جارہا ہے،لمبرداروں کی مدد سے کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے پر قائل کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مساجد اور پنچائیت کی مدد سے سموگ کے خلاف آگاہی دی جا رہی ہے،دوسرے مرحلے میں فصلیں جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،عوام سے گزارش ہے فصلوں کے علاوہ کوڑا کرکٹ کو بھی آگ مت لگائیں۔ ڈی سی لاہو رنے مزید کہا کہ سموگ کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ٹھوس اقدامات بھی کریں گے،حکومت پنجاب کی طرف سے پلاسٹک شاپنگ بیگ پر پابندی پر سختی سے عمل کروایا جائے گا۔