نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر جمعہ کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے
05-09-2024
(لاہور نیوز) پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر جمعہ کو بطور گورنر پنجاب حلف اٹھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق گورنر بلیغ الرحمان کے عمرہ کی ادائیگی کے باعث سعودی عرب میں ہونے کی وجہ سے حلف برداری دو بار ملتوی کی گئی، مسلم لیگ ن نے پی پی قیادت سے حلف برداری ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ سردار سلیم حیدر خان جمعہ کو گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، حلف برداری کی تقریب شام 4 بجے گورنر ہاؤس میں منعقد ہو گی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ شہزاد خان نئے گورنر سے حلف لیں گے، تقریب حلف برداری کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، جیالے، صوبائی کابینہ کے ممبران، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سمیت دیگر افراد حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔