9مئی کو شرپسندوں نے جناح ہاؤس کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا: مریم نواز

05-09-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 9 مئی کو شرپسندوں نے جناح ہاؤس کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جناح ہاؤس  میں منعقد ہونے والی شہدا کے لواحقین کے اعزاز میں تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر مریم نواز نے شہدا کی یاد میں شمع روشن کی، تقریب میں موجود شہدا کے بچوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کئے۔ جناح ہاؤس لاہور میں تقریب کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ریاست پر حملہ کیا گیا، 9 مئی ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، قائداعظم کی وجہ سے ہم اس ملک میں آزادانہ سانس لے رہے ہیں، شرپسندوں نے 9 مئی کو جناح ہاؤس کو راکھ  کا ڈھیر بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین چاہتے ہیں کہ ہم سے بات چیت کی جائے، وہ سیاسی جماعت نہیں شرپسند ہیں، ان سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، شہدا کی یادگاروں پر حملہ کرنے والے سخت سے سخت سزا کے مستحق ہیں، گھناؤنا جرم کرنے والوں کو چھوڑنے والی بات نامناسب ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کو سب نے دیکھا، اس حملے کے لئے ان لوگوں کو دہشت گردوں سے تربیت دلوائی گئی، آج شہدا کی فیملی سے ملاقات ہوئی، شہدا کے ورثا سے ملاقات کے بعد میری آنکھوں میں آنسو آ گئے، شہدا کی یادگاروں کی بےحرمتی قوم کے دلوں پر حملہ تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عدلیہ سے سوال کرنا چاہتی ہوں جن لوگوں نے اقتدار کی خاطر فتنہ، فساد کیا ان کو سزائیں کیوں نہیں مل رہیں؟، ایسے لوگوں کو ضمانتیں کیوں مل جاتی ہیں، ہمیں کہا جاتا ہے کہ ان سے بات کرو یہ دہشت گرد ہیں ان سے کوئی بات نہیں ہو گی۔