عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو بڑی یقین دہائی کروادی گئی
05-09-2024
(ویب ڈیسک)عالمی بینک نے معاشی استحکام کے لیے پاکستان کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کروادی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائسر نے پاکستان کا تین روزہ دورہ مکمل کر لیا اور انہوں نے اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) ملک امجد زبیر ٹوانہ سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ جنوبی ایشیا کے لیے عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن رائسر نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات کے موقع پر پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری نمائندے ناجی بینہسین بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مارٹن رائسر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں عالمی بینک کے تعاون اور پاکستان میں 2022 کے سیلاب کے تناظر میں موسمیاتی لچکدار انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے لیے بینک کی طرف سے دی جانے والی امداد کو بھی سراہا۔ انہوں نے وفد کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں بتایا جس میں ٹیکس کے پورے نظام کی ڈیجیٹائزیشن، پاور سیکٹر میں اصلاحات، زرعی شعبے میں فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ، بچوں کی نشوونما کے مسئلے حل کرنا شامل ہیں۔پاکستان کے جارحانہ اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہتے ہوئے مارٹن رائسر نے کہا کہ عالمی بینک پائیدار ترقی کے مقصد سے معیشت کی تبدیلی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ دونوں فریقین نے ایک نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت ایک طویل مدتی شراکت داری میں شامل ہونے پر اتفاق کیا، جس میں سالانہ جائزہ میکانزم کے ساتھ پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ نتائج حاصل ہوں، حکمت عملی میں مستقبل کی ضروریات کی شمولیت کے لیے لچک شامل ہوگی۔ ترجیحات کے جن شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں ڈھانچہ جاتی اقتصادی اصلاحات بشمول گھریلو وسائل متحرک کرنا خاص طور پر ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکس پالیسی میں اصلاحات شامل ہیں۔