پی ٹی آئی رہنما ریحانہ ڈار کی گرفتاری کے بعد رہائی، واپس رہائشگاہ چھوڑ دیا گیا

05-09-2024

(ویب ڈیسک) پولیس نے پی ٹی آئی کی خاتون رہنما ریحانہ امتیاز ڈار کو گرفتاری کے بعد واپس ان کی رہائش گاہ پر چھوڑ دیا۔

ریحانہ ڈار کے بیٹے عمر ڈار نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ کو متعدد خواتین سمیت گرفتار کیا گیا، والدہ ریحانہ ڈار نے 9 مئی کو احتجاج کی کال دی تھی۔ عمر ڈار نے بتایا کہ صبح سے پولیس نے جناح ہاؤس سیالکوٹ کو گھیرے میں لے رکھا تھا، گھر سے نکلتے ہی والدہ کو گرفتار کر لیا گیا، میری والدہ کو خواجہ آصف کی ایماء پر گرفتار کیا گیا۔ رہائشگاہ واپسی پر پی ٹی آئی رہنما ریحانہ ڈار نے کہا کہ ہماری ابھی 7 خواتین اور متعدد کارکنان پولیس کی حراست میں ہیں، 9 مئی کے حوالے سے میں خود نکلی تھی، میرے ساتھ دہشت گردی ہوئی، وہ کون لوگ تھے جنہوں نے میرے گھر پر حملہ کیا میں جواب مانگتی ہوں۔ ریحانہ ڈار نے کہا کہ مجھے انصاف نہیں ملا مجھے کسی کا کوئی ڈر نہیں، مجھے گرفتار کر لیں کوئی ڈر نہیں، خواجہ آصف کو میرا پیغام ہے میں نے تم کو الیکشن لڑنے کے قابل نہیں چھوڑا۔