وزیر اعلیٰ پنجاب کا روٹی و نان ریلیف پروگرام، خلاف ورزی پر 19 گرفتاریاں
05-09-2024
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کے روٹی و نان ریلیف پروگرام کے تحت ادارے عوام کو ریلیف دینے کیلئے متحرک ہو گئے۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا، اجلاس میں گورننس، سروس ڈلیوری کی بہتری کیلئے اقدامات اور روٹی کی قیمت میں کمی پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، چیف سیکرٹری نے جھنگ، چنیوٹ اور قصور میں روٹی کی قیمت 15 روپے کرنے کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں سیکرٹری صنعت نے بتایا کہ نو اضلاع میں روٹی کی قیمت 16 روپے جبکہ 26 اضلاع میں 15 روپے مقرر کی گئی ہے۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کے تناسب سے روٹی کے نرخ مقرر کئے جائیں گے، ناقص کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق کارکردگی کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی، وزیر اعلیٰ کا ستھرا پنجاب پروگرام یونین کونسل کی سطح پر نئے گورننس ماڈل کی بنیاد ثابت ہو گا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ روٹی کی قیمت کے حوالے سے ایک ہزار 70 مقامات کی چیکنگ کی گئی، خلاف ورزی پر 24 گھنٹے میں 19 گرفتاریاں کی گئیں، ایک لاکھ 6 ہزار روپے کے جرمانے بھی کئے گئے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ روٹی و نان کی قیمت میں خلاف ورزی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔