نوشین شاہ نے عمران اشرف کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

05-09-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نوشین شاہ نے دنیا نیوز کے پروگرام" مذاق رات" کے میزبان عمران اشرف کی اداکاری اور محنت کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔

ان دنوں سوشل میڈیا پر نوشین شاہ کے ایک پرانے انٹرویو کی مختصر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ عمران اشرف کی تعریفیں کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ نوشین شاہ کا کہنا تھا کہ عمران اشرف نے مختصر کرداروں سے اداکاری کا آغاز کیا، کیریئر کے آغاز میں وہ بہت افسردہ بھی ہوجاتے تھے۔ اداکارہ نے بتایا کہ میں شروع میں ہی عمران اشرف کو کبھی ہار نہ ماننے کا مشورہ دیتی تھی اور اب وہ کہاں سے کہاں پہنچ چکے ہیں۔ نوشین شاہ کا کہنا تھا کہ ایک بار عمران اشرف نے مجھے بتایا تھا کہ انہوں نے "الف اللہ اور انسان" ڈرامے میں محض 35 سے 40 سینز ادا کیے تھے جبکہ اسی ڈرامے میں 800 سے زائد سینز تھے اور جب میں نے وہ ڈرامہ دیکھا تو رو پڑی۔ انہوں نے کہا کہ عمران اشرف نے اس ڈرامے میں خواجہ سرا کا کردار اس طرح اچھے انداز میں نبھایا کہ میں جذباتی ہو گئی۔