9 مئی سیاست قربان اور ریاست پر حملہ کرنے والی دو سوچوں کا دن ہے: وزیراعظم

05-09-2024

(دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ 9 مئی محض تاریخ کا ایک سیاہ دن نہیں ہے بلکہ دو سوچوں کو الگ الگ کردینے کا دن ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے 9 مئی کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ 9 مئی کا دن ریاست پر سیاست قربان کرنے اور سیاست کیلئے ریاست پر حملہ کردینے والی دو سوچوں کو الگ الگ کر دینے والا دن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے، ان کے عظیم اہل خانہ، محب وطن عوام ہیں، دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے وہ کردار ہیں جن کے دل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ ان کی آنکھ میں قومی یادگاروں، ریاستی اداروں، آئین، قانون کیلئے کوئی عزت وشرافت نہیں، ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے، وعدہ ہے ارض پاک، عظیم شہداء، اُن کے ورثاء اور قوم سے، 9 مئی پھر کبھی نہیں ہوگا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دینا ہے۔