برکت مارکیٹ:گاڑیوں کو موٹر سائیکل سے ٹکر مار کر لوٹنے والا ڈاکو گرفتار
05-08-2024
(لاہور نیوز) برکت مارکیٹ کے علاقے میں پولیس نے سیف سٹی کی نشاندہی پر گاڑیوں کو موٹر سائیکل سے ٹکر مار کر لوٹنے والا ڈاکو گرفتار کر لیا۔
سیف سٹی نے حادثے کا رنگ دیکر شہریوں کو لوٹنے والے ڈاکو کی ویڈیو جاری کر دی۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ٹریفک سگنل پر رکنے والی گاڑی کو موٹر سائیکل سوار ڈاکو نے جان بوجھ کر پیچھے سے ٹکر ماری، ڈاکو نے حادثے کے بہانے گاڑی سے شہریوں کو باہر نکالا، گاڑی سے اترتے ہی ڈاکو نے گن پوائنٹ پر لوٹ مار کرنے کی کوشش کی۔ ویڈیو کے مطابق کار سواروں کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ڈاکو نے گولی چلا دی، گولی کی آواز سن کر گشت پر مامور ڈولفن اہلکار موقع واردات پر پہنچ گئے، ڈولفن اہلکاروں کو دیکھتے ہی ڈکیت نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ سیف سٹی اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سیف سٹی ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے ڈکیت کو کیمروں کے ذریعے ٹریس کیا، ڈولفن فورس نے سیف سٹی کی نشاندہی پر تعاقب کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔