بھٹہ مالکان کا حکومت کی ناقص پالیسیوں کیخلاف بھٹے بند کرنے کا اعلان
05-08-2024
(لاہور نیوز) لاہور ڈویژن کے بھٹہ مالکان نے حکومتی ناقص پالیسیوں کے خلاف بھٹے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
قصور میں لاہور ڈویژن کے بھٹہ مالکان نے ایک نجی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا، بھٹہ مالکان کی تقریب میں لاہور، قصور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور دیگر اضلاع کے بھٹہ مالکان نے بھر پور شرکت کی، تقریب میں بھٹہ مالکان نے 15 جون سے لاہور ڈویژن کے تمام بھٹے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ قصور اور دوسرے اضلاع سے آئے بھٹہ مالکان نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کی، صدر بھٹہ ایسوسی ایشن قصور مہرشریف نے کہا کہ ڈیزل، کوئلہ، مٹی کی بڑھتی قیمتوں سے بھٹہ مالکان بھٹے بند کرنے پر مجبور ہیں، حکومت کی طرف سے کوئلے، ڈیزل کی روز بروز بڑھتی قیمتیں بھٹہ مالکان کے لئے درد سر بن گئیں۔ صدر بھٹہ ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ حکومت کوئلے اور ڈیزل کی قیمتیں مقرر کرے تاکہ روز بروز بڑھتی قیمتوں سے بھٹہ مالکان بھٹے بند کرنے پر مجبور نہ ہوں، حکومت نے ہمارے مطالبات منظور نہ کئے تو اپنے بھٹے حکومت کے حوالے کر دیں گے، حکومت جس طرح دوسری صنعتوں کو مراعات دے رہی ہے بھٹہ بھی صنعت ہے اس کو بھی صنعتی مراعات دی جائیں۔ واضح رہے مختلف اضلاع میں بھٹے بند ہونے سے ناصرف عوامی مشکلات میں اضافہ ہو گا بلکہ بھٹہ مزدوروں کی زندگی بھی اجیرن ہو جائے گی، کوئلہ، ڈیزل اور مٹی کی بڑھتی قیمتوں سے اینٹ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔